image رسائی

قرضہ سکیم برائے بائیو فلاک فش فارمنگ

بائیو فلاک فش فارمنگ ایک کامیاب اور منافع بخش کاروبار ہے۔ پاکستان نہ صرف مختلف انواع کی مچھلیوں سے حاصل کردہ غذائی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ دوسرے ممالک سے آنے والے آرڈرز کو بھی پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بائیو فلاک فش فارمنگ کے مقابلے میں روایتی فش فارمنگ کافی مہنگی اور کم پیداوار کی حامل ہے۔

بائیو فلاک ٹیکنالوجی ایک ماحول دوست تکنیک ہے جو مائیکرو آرگنزمز اور بیکٹیریا کی افزائش کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ یہ مائیکرو آرگنزمز مچھلیوں کی افزائش کیلئے قدرتی خوراک کا کردار ادا کرتے ہیں جس سے مصنوعی خوراک پر آنے والی لاگت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اس تکنیک کی بدولت مچھلی فارم میں پانی کی تبدیلی کم سے کم درکار ہوتی ہے جبکہ پانی میں نائٹروجن اور کاربن کا توازن بھی برقرار رہتا ہے جو مائیکرو آرگنزمز کی افزائش کیلئے ضروری ہے۔

اس نئی ٹیکنالوجی کا استعمال نہ صرف شعبہ ماہی گیری کے رجحانات کو بدل سکتا ہے بلکہ جدید خطوط پر ماہی گیری کے شعبہ میں انقلاب بھی برپا کر سکتا ہے۔ انہی فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے اس مفید سکیم کا اجراء کیا ہے۔

شرائط و ضوابط:

دائرہ کار اس اسکیم کا دائرہ کار پورے ملک میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی تمام برانچوں تک ہوگا۔
اہلیت
  1. اس شعبہ سے تعلق رکھنے والے اچھی شہرت کے حامل تمام افراد اس سکیم سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم پرانے قرضدار جن کا بینک کے ساتھ لین دین تسلی بخش رہا ہو اور اس شعبہ میں سمجھ بوجھ رکھتے ہوں، وہ بھی اس سکیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔
  2. ای سی آئی بی رپورٹ صاف ہو۔
  3. ORR گریڈ زیادہ سے زیادہ 04 ہو۔
مطلوبہ دستاویزات کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی نقل، درخواست برائے قرضہ، زرعی پاس بک / فردِ جمعبندی، دو عدد تصاویر۔
قرضے کی حد کسان اس سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ مبلغ پچیس لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکیں گے۔
قرضدار کا حصہ قرضدار کو اپنے حصے کے طور پر کل قرض کا 10 فیصد بینک میں جمع کروانا ہوگا یا اپنے پراجیکٹ میں استعمال کرنا ہوگا۔
ضمانت / سکیورٹی زیرِ ملکیت و قبضہ زرعی اراضی و دیگر قابلِ قبول ضمانتیں۔
قرضہ کے اخراجات بمطابق مروجہ بینک چارجز۔
قرض کی وصولی کا جدول قرض عرصہ 5 سال کے اندر ششماہی اقساط میں واپس ہوگا، جس کی پہلی قسط ایک سال بعد شروع ہوگی۔
شرح مارک اپ بینک کے جاری ترقیاتی قرضوں کی مروجہ شرح کے مطابق مارک اپ وصول کیا جائے گا۔
قرضہ کی منظوری اس سکیم کے تحت قرضہ (CRD) کریڈٹ ریویو ڈیپارٹمنٹ ہیڈ آفس منظور کرے گا۔
جانچ پڑتال قرضوں کی نگرانی اور جانچ پڑتال بینک کی مجاز اتھارٹی کرے گی۔